بائیڈن ایشیائی نژاد امریکیوں کے بارے میں ٹرمپ کے ریمارکس پر معافی مانگیں، میئر نیویارک سٹی کا مطا لبہ
نیو یا رک ()
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے وائٹ ہاؤس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایشیائی نژاد امریکی شہریوں کو "چائنا وائرس” کہنے اور دیگر نسل پرستانہ تبصروں پر معافی مانگے۔ واضح رہے کہ یہ تبصرے اور بیانات کووڈ-19 کے آغاز میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئے گئے تھے۔
ایڈمز نے منگل کو لوئر مین ہیٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، "صدر کو ابھی کھڑا ہونا چاہیے اور امریکی عوام کی جانب سے کہنا چاہیے، ‘ہم چینی کمیونٹی سے معذرت خواہ ہیں’۔ "مجھے امید ہے کہ وہ اس ملک کے چینی باشندوں سے کہیں گے کہ جو کچھ کہا گیا اور جو کیا گیا اس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔ ہم نے کووڈ-19 کے دوران لوگوں کو چینی کمیونٹی کے خلاف کر دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی سان برنارڈینو میں "سینٹر فار دی اسٹڈی آف ہیٹ اینڈ ایکسٹریمزم” کے مطابق، ایک سال پہلے کی اسی مدت کے مقابلے 2021 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے سب سے بڑے شہروں میں پولیس کو رپورٹ کیے جانے والے ایشیائی مخالف نفرت انگیز جرائم میں 189 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نیویارک میں، اس مدت کے دوران ان میں 262 فیصد اضافہ ہوا۔