
اسلام آباد(آئی پی ایس )گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی سے ملاقات کی۔گلگت بلتستان میں حالیہ زلزلوں سے نقصانات اور اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ زلزلے سے کئی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ اس یخ بستہ سردی اور شدید برف باری کی وجہ سے متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سامان مہیا کیا جائے گا اور متاثرین کی بحالی کے لئے جی بی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر 1000ٹینٹس اور 5000 کمبل مہیا کریں تاکہ متاثرین کو سردیوں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدمات اٹھا رہی ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے این ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے۔