علاقائی

موجودہ حکومت نے تین سالوں میں معیشت کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے

گلگت(آئی پی ایس )سابق وزیراعلیٰ و صدر مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا مظہر ،یہی ہے کہ مسلم لیگ (ن)عملی عوامی خدمات اور عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے،حقیقی عوامی قیادت اور سیاسی جماعتیں تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کا وژن رکھتی ہیں اور وقت آنے پر عملی کردار ادا کرنے کا ہنر بھی جانتی ہیں۔مسلم لیگ (ن)نے اپنے عوامی دور حکومت میں عملی ترقی اور عوامی فلاح بہبود کے ہر شعبے کو ترقی کے راہ پر ڈال دیا۔گلگت بلتستان کا پہلا کینسر ہسپتال کی تعمیر مکمل ہوچکی۔یہ منصوبہ ہیلتھ سیکٹر کے اندر ہماری عوامی خدمت کا ایک اور ثبوت ہے اور ہمارے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔اور قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف کا گلگت بلتستان کے عوام کیلئے دیئے جانے والے عوامی منصوبوں کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کینسر کے مریضوں کا علاج کا سلسلہ شروع ہوچکا اور جدید سہولیات اور علاج میسر ہوچکا۔اس منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کے ملک کے دیگر ہسپتالوں میں جانے سے وقت اور مالیاتی وسائل کی بچت ہوگی وہاں دیگر بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بھی کم ہوگا۔حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا پہلا دل کے امراض کا جدید ہسپتال بھی تکمیل کے قریب ہے۔۔ اس منصوبے کے تکمیل سے عوام سے کیا گیا ہمارا ایک اور وعدہ وفا ہوگا۔ان منصوبوں کی تکمیل سے جدید سہولیات کے ساتھ ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع بھی میسر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 2015 سے 2020 تک عوامی دور حکومت میں ہیلتھ سیکٹر میں تاریخی اقدامات اٹھائے گئے۔300 بیڈ کا شہید سیف الرحمن ہسپتال پنجاب حکومت کے تعاون سے تکمیل کے قریب ہے۔پنجاب حکومت کے تعاون سے گلگت بلتستان کا پہلا جدید ایم آر آئی سنٹر اپنی خدمات ادا کررہا ہے۔ 2014 سے 2018 تک گلگت بلتستان کے تمام ہسپتالوں میں پنجاب حکومت کے تعاون سے فری ایمرجنسی دوائی۔ ہیلتھ کارڈ کا اجرا۔ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کا قیام۔ گلگت بلتستان کے بڑے ہسپتالوں کی آپ گریڈیشن۔ ٹراما سنٹرز کا قیام۔گلگت بلتستان میں پہلا خون کے بیماریوں کی تشخیص اور محفوظ بنانے کیلئے بلڈ سنٹروں کا قیام۔گلگت بلتستان کے تمام ہسپتالوں کے لئے جدید آلات کی خریداری۔ ڈاکٹروں کیلئے خصوصی پیکیج،450 نئے ڈاکٹروں کی تعیناتی، 1400 ٹرین سٹاف کی تعیناتی اور گلگت بلتستان کے تمام طلبہ وطالبات کیلئے پنجاب کے سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز میں کوٹے کو دگنا کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے کہا آج تین سالوں میںترقی کی منازل طے کرتے پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا گیا ہے۔ معاشی بدحالی کے بدولت ترقیاتی منصوبے جمود کا شکار ہوچکے۔حکومت تین سالوں میں مسلم لیگ (ن)کے منصوبے کے تختیوں پر گزارہ کئے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker