بیجنگ ()
چین کے نائب وزیر خارجہ ما چھاؤ شو نے جوہری ہتھیاروں کی حامل پانچ ممالک یعنی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے جوہری جنگ کی روک تھام اور ہتھیاروں کی دوڑ سے گریز کے بارے میں جاری کردہ مشترکہ بیان کو سراہا ہے۔چینی ریڈ یو کے مطا بق پانچوں ممالک نے بیان میں اس بات کی توثیق کی کہ ان کے پاس موجود جوہری ہتھیار نہ تو ایک دوسرے کو اور نہ ہی کسی بھی دوسر ے ملک کو نشانہ بنانے کے لیے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جوہری جنگ نہیں جیتی جا سکتی اور نہ ہی لڑی جانی چاہیے۔ما چھاؤ شو نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پانچوں ممالک نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا ہے جو جوہری جنگ کو روکنے کے لیے اپنی سیاسی خواہش کا اظہار اور عالمی تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے اور جوہری تنازع کے خطرے کو کم کرنے کے لیے مشترکہ پیغام بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے درمیان باہمی اعتماد سازی کے فروغ اور "عظیم مسابقتی طاقت” کو مربوط تعاون سے بدلنے میں بھی مددگار ہے۔ ما نے مزید کہا کہ چین نے مذکورہ ممالک کو مثبت اور نتیجہ خیز بیان تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے آرمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل فو کانگ نے بھی اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے "انتہائی مناسب” اور ” بروقت” قرار دیا ہے۔