
اسلام آباد،مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہندو یاتریوں کے وفد نے پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا،وفد نے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتا ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری مذہبی اور آئینی ذمہ داری ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے، اقلیتی برادری کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی عوامی، پارلیمانی اور حکومتی سطح پر شدید مذمت کی جاتی ہے اور اسے کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، پاکستان میں بسنے والے تمام اپنے شہریوں کو اپنے عقیدے اور مذہبی رسومات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں ممالک کے ساتھ خوشگوار دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی اظہار رائے اور مذہبی رسومات منانے پر پابندی عائد ہے، مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی پامالیاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق دیے جائیں، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے، پاکستان کی موجودہ حکومت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے، مذہبی سیاحت کے فروغ سے باہمی رابطوں میں اضافہ ہو گا۔اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، ملک بھر میں شہریوں کو بلا رنگ ونسل اور مذہب صحت کارڈ جاری کیے جارہے ہیں،مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہندو یاتریوں کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے پارلیمنٹ ہاوس میں وفد کی آمد پر پرتپاک استقبال پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کا بطور کسٹوڈین آف دی ہاوس کردار قابل تحسین ہے۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، مذہبی سیاحت کے فروغ سے بین المذہب ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا۔