اہم خبریںپاکستانتجارت

حکومت کا2022کا پہلا تحفہ، پٹرولیم مصنوعات مہنگی

اسلام آباد ، حکومت کا 2022کا پہلا تحفہ،عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ، پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4روپے ، مٹی کا تیل 3روپے 95پیسے ، لائٹ ڈیزل 4روپے 15پیسے مہنگا کر دیا گیا ہے جبکہ بجلی 99پیسے یونٹ،ایل پی جی5 روپے 90پیسے فی کلو سستی ہو گئی ،بجلی قیمتوں میں کمی2021کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی،صارفین کو 22ارب 48کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا جبکہ 2021کا آخری ہفتہ بھی مہنگارہا ،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میںصفر اعشاریہ50فیصد کی کمی،22اشیا کی قیمتوں میں اضافہ سالانہ بنیادوں پر شرح تاحال 20 اعشاریہ 05 فیصد پر برقرار ، کم آمدنی والے طبقے کیلئے شرح 21 اعشاریہ92فیصد رہی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں 4روپے فی لٹر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4روپے اضافہ کردیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 144روپے 82پیسے مقرر کردی گئی ہے۔پٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں بھی4 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد فی لٹر 141روپے 62پیسے ہوگئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل109 اعشاریہ53 روپے فی لیٹرسے بڑھاکر113 اعشاریہ53 روپے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 107 اعشاریہ06روپے فی لیٹرسے بڑھاکر111 اعشاریہ 06 روپے فی لیٹر ہوگیا۔دوسری طرف بجلی کے صارفین کے لئے اچھی خبر ہے کہ نیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے، اور نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔نیپرا کے مطابق منظوری مالی سال 2021 کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، فیصلے سے صارفین کو 22 ارب 48 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، کمی کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا اور صارفین کو کمی کا ریلیف 3 ماہ کیلئے ملے گا۔علاوہ ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے جنوری کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 90 پیسے، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 69 روپے 63 پیسے کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوی کیلئے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2ہزار 320 روپے مقررکی گئی ہے جبکہ دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت دو ہزار 390 روپے تھی۔دوسری طرف وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے سردی کے موسم میں آگ جلانے والی لکڑی، چینی، مٹن، انڈے، ویجیٹیبل گھی اور چکن سمیت مجموعی طور پر 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔آلو، ٹماٹر، پیاز، سرخ مرچ، ایل پی جی، دال ماش اور آٹے سمیت سات اشیا سستی ہوئی ہیں، 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران چکن 2 اعشاریہ16 فیصد، انڈے 1اعشاریہ45 فیصد، دال مسور 1اعشاریہ10 فیصد، چائے 2اعشاریہ05 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیاز 2اعشاریہ39 فیصد اور ٹماٹر 30اعشاریہ92 فیصد، سرخ مرچ پاوڈر 5اعشاریہ78 فیصد، دال ماش 0اعشاریہ22 فیصد، آٹا 0اعشاریہ42 فیصد سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 21 اعشاریہ92 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 19اعشاریہ77 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 18اعشاریہ49 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح18اعشاریہ05 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 20 اعشاریہ10 فیصد رہی ہے۔اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 22 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں چینی، مٹن، انڈے، ویجیٹیبل گھی، دال مسور، دال چنا، چائے، چاول، لہسن، کپڑے دھونے والا صابن، خشک دودھ، دہی، دال مونگ، سرسوں کا تیل، مٹن، بیف، آگ جلانے والی لکڑی، گڑ اور چکن سمیت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں آلو، ٹماٹر، پیاز، سرخ مرچ، ایل پی جی، دال ماش اور آٹا شامل ہیں البتہ 22 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker