اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے پر ملکی سالمیت کی بات وہ پیپلز پارٹی کر رہی ہے جس نے ڈرون حملوں کی خاموش اجازت دی، ہم تو چاہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور جیل میں اپنی سزا پوری کریں، ہماری حکومت نے بنی گالہ میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر بنی گالہ میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا
علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چاہتی ہے کہ اداروں کو خود مختاری دی جائے تاکہ ادارے آزادانہ فیصلے کر سکیں لیکن اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خود مختاری دینے پر پیپلز پارٹی کو ملکی سلامتی کی فکر لاحق ہو گئی ہے جب پیپلز پارٹی کے دور میں ڈرون حملوں کی خاموش اجازت دی گئی تھی ،کیری لوگر بل کے ذریعے غیر فوجی امداد کی نگرانی کی اجازت دی گئی تھی تو ملکی سالمیت کہاں تھی؟ ہم تو چاہتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دی جائے تاکہ پھر کوئی اسحاق ڈار منی لانڈرنگ نہ کر سکے پھر ہمارے فارن ریزرو اکائونٹس منجمد نہ ہوں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور جیل میں اپنی سزا پوری کریں اگر نواز شریف کو چھوڑنا ہے تو جیلیں چھوٹے چوروں کے لیے بھی کھول دینی چاہییں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ بہت جلد پورے اسلام آباد کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اجرا ہو رہا ہے جس کے تحت 10 لاکھ روپے کی انشورنس ہر خاندان کو میسر ہو گی۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ شہر سے بنی گالہ آنے کے لیے لمبا گھوم کر آنا پڑتا تھا اب بہترین براہ راست راستے دستیاب ہیں، اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عوامی رابطہ کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ علی نواز اعوان بلا شبہ اسلام آباد کے محسن ہیں جنہوں نے بنی گالہ سمیت پورے اسلام آباد میں بلا تفریق کام کروائے ہیں آمدہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی، چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی نے کہا کہ آج ہر گلی محلے میں بلدیاتی نمائندے اپنے کاموں کے دعوے کر رہے ہیں لیکن حقیقت سب کو پتہ ہے کہ کام کس نے کروائے، جلسہ عام سے رضوان ننگیال اور طاہر راجپوت نے بھی خطاب کیا۔