
اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کو عدالت میں چیلنج کرنا ثابت کرتا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ محض دکھاوا ہے، انہوں نے عوام سے اختیارات چھیننے کی کوشش کی ہے ،یہ چاہتے ہیں 2015 والا لوکل گورنمنٹ نظام برقرار رہے جس کے دوران اسلام آباد تباہ ہو کر رہ گیا تھا، نیا لوکل گورنمنٹ قانون عوامی نمائندوں کو ہر لحاظ سے با اختیار بناتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کی طرف سے اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرنے کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہمیشہ سے واضح موقف رہا ہے کہ اقتدار کو نچلی سطح تک تقسیم کیا جائے تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے در بدر نہ پھرنا پڑے ہم نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کے ذریعے مالی، انتظامی اور سیاسی لحاظ سے بااختیار مقامی حکومت کی بنیاد رکھی ہے جو دیگر جماعتوں کے لیے اس لیے قابل قبول نہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ عوام کو با اختیار بنایا جائے وہ عوام کو غلامی میں رکھنا چاہتے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ محض دکھاوا ہے درحقیقت یہ ڈکٹیٹر شپ پر یقین رکھتے ہیں، علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر کسی کو پتہ ہے کہ 2015 کے لوکل گورنمنٹ قانون کے بعد بننے والی مقامی حکومت اور میئر نے اسلام آباد کا کیا حال کیا تھا، اسلام آباد ہر لحاظ سے تباہ حالی کا شکار تھا کیونکہ میئر بااختیار نہیں تھا۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ نئے قانون کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہونگے اور سیاسی، مالی اور انتظامی لحاظ سے بااختیار ہوں گے، پہلی مرتبہ 100 نیبر ہڈ کونسلز کے نمائندے منتخب ہوں گے۔