جدہ(خالد نواز چیمہ)پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے سینئر رہنما اور معروف کاروباری و سماجی شخصیت فاروق بیداللہ اور غلام بیداللہ نے پاکستان قونصلیٹ کے ٹریڈ سیکشن کے زیر اہتمام مکہ کی پاکستان بزنس کمیونٹی کیلئے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کے ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پی ٹی آئی سعودی عرب کے رہنما ڈاکٹر خالد عظیم خٹک نے تقریب کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی سعودی عرب ارسلان شاہد نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے۔ سیمینار میں پاکستانی بزنس کمیونیٹی اور پی ٹی آئی مکہ مکرمہ کے صدر ڈاکٹر انور جاوید سمیت سینئر رہنمائوں نے شرکت کی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے ٹریڈ قونصل عبدالوحید شاہ سمیت دیگر افسران بھی سیمینار میں موجود تھے۔ اس موقع پر کمیونیٹی ممبران نے بزنس کے حوالے سے سوالات کیے اور موجودہ حالات میں پاکستانی بزنس مینوں کو درپیش مشکلات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ،پروگرام کے میزبان محمد فاروق بیداللہ نے اپنے تجربہ کی بنیاد پر بزنس کے حوالے سے مختلف پہلو پر مفید مشورے دیئے اور کمیونٹی کی رہنمائی کی۔ پاکستان قونصلیٹ کے ٹریڈ قونصل نے اپنی ہر ممکن مدد اور سرکاری معاملات میں مکمل رہنمائی کی یقین دھانی کروائی۔آخر میں فاروق بیداللہ اور غلام بیداللہ نے پاکستان قونصلیٹ کے افسران اور بزنس کمیونٹی کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔