غذر (آئی پی ایس) گلگت بلتستان کے معروف نجی مالیاتی ادارہ الرحیم ملٹی پرپز کوآپریٹو سوسائٹی نے دور دراز علاقوں کے لوگوں کی سہولت کی خاطر ضلع غذر کے گاؤں ہندور یاسین اور تحصیل پھنڈر میں نئے برانچز کا افتتاح کردیا۔ الرحیم سوسائٹی کے صدر سید نیت ولی شاہ نے آنریری سیکرٹری شیر ظہیر خان، فنانس سیکرٹری عمران خان، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران جاوید جانان، عارف سلیمان،کریم پناہ، جاوید اقبال،سید وسیم شاہ، سنیئر جنرل منیجر کریم خان و دیگر کے ہمراہ دونوں برانچز کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر دونوں مقامات پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے افراد،معزیزین علاقہ اور کاروباری حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہندور اور پھنڈر میں برانچز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الرحیم سوسائٹی کے صدر سید نیت ولی شاہ نے کہا کہ الرحیم سوسائٹی قراقرم کوآپریٹو بینک کے بعد گلگت بلتستان کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے جو علاقے کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سوسائٹی سے وابستہ ساڑھے چار ہزار سے زائد شیئر ہولڈرز سوسائٹی سے آسان شرائط پر بلا سود قرضے لیکر اپنا کاروبار چلا رہے ہیں جس سے علاقے سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں بھرپور مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الرحیم سوسائٹی کا زیادہ تر فوکس ہندور اور پھنڈر جیسے دیہی علاقوں کی طرف اس لئے ہوتا ہے کہ یہاں پر شیڈول بینکوں اور دیگر ذرائع آمدنی کے مواقعے شہری علاقوں کی نسبت نہ ہونے کے برابر ہیں اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ایسے علاقوں تک الرحیم سوسائٹی کے برانچز کو وسعت دیکر لوگوں کو باعزت روزگار اور آسان شرائط پر کاروبار کے مواقع فراہم کرسکیں تاکہ یہاں کے لوگ بھی دیگر علاقوں کی طرح ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ الرحیم سوسائٹی کے نئے برانچز کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس سے قبل سوسائٹی کے آنریری سیکرٹری شیر ظہیر خان نے الرحیم سوسائٹی کے تاریخی پس منظر، ادارے کی خدمات اور دائرہ کار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔تقریب سے الرحیم سوسائٹی کے ڈائریکٹر عارف سلیمان، جاوید جانان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔