اسلام آباد ،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ آئی جے پی روڈ پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اور یہ اپنے طے شدہ وقت کے انشااللہ اپریل 2023 تک مکمل ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آئی جے پی روڈ کی تعمیر نو پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔
علی نواز اعوان نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کو چار رویہ کیا جا رہا ہے اور اس کے اوپر پل اور فلائی اوورز بنائے جا رہے ہیں تمام ادارے آئی جے پی روڈ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ سڑک راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے بہترین تحفہ ہوگی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے این ایل سی کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر کے دوران عوام کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں اور عوام کو موثر آگاہی دی جائے اجلاس میں این ایل سی، آئیسکو، ایس این جی پی ایل ، سی ڈی اے کے حکام اور علی نواز اعوان کے پولیٹیکل ایڈوائزر انجینئر زاہد بھی شریک ہوئے۔