
گلگت ، پیپلز پارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے لہو سے جمہوریت کی شمع روشن کی۔
محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل وفاقِ پاکستان کے خلاف سازش تھی جسے آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ناکام بنا دیا۔محترمہ شہید نے جنرل مشرف کی آمریت کے خاتمے کیلئے بھر پور جد وجہد کی اور جمہوریت کے لئے راہ ہموار کی۔ بینظیر شہید کی فہم و فراست اور دور اندیشی کے نتیجے میں جنرل مشرف نے ملک کی سیاسی قیادت کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کے لہو سے لکھی گئی ہے۔ نظیر بھٹو ملک و قوم اور جمہوریت کی خاطر دھمکیوں اور خطرات کے باوجود جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن آئی۔ ملک و قوم اور جمہوریت کی خاطر محترمہ شہید نے جس طرح کھٹن ترین حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا وہ ایک لازوال حقیقت ہے۔ جنرل مشرف کو آزادانہ انتخابات پر مجبور کرنا بھی محترمہ کا بہت بڑا کارنامہ اور وسیع سیاسی بصیرت و دور اندیشی کا نتیجہ تھا جس کے نتیجے میں دیگر سیاسی قیادت کی بھی وطن واپسی ممکن ہوئی اور آج جمہوریت کا سفر جاری ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے خواتین کو سیاسی اور عملی میدان میں بھرپور حصہ لینے اور جدوجہد کرنے کا عملی نمونہ پیش کیا۔ بینظیر بھٹو وفاق پاکستان کی علامت تھی۔پیپلز پارٹی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔