اہم خبریںپاکستان

موسم سرما کی پہلی بارش ،برفباری،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

ملک میں بارشوں کے سسٹم نے بلوچستان کے راستے انٹری دے دی جس سے خشک سردی کا خاتمہ جب کہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔ گزشتہ رات مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کی سمت سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، مستونگ، ژوب، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، خانوزئی اور قلات میں ہلکی برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں۔سوات اور مالم جبہ میں بھی برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ہے ۔پنجاب میں لاہور، میاں چنوں، وہاڑی، جہانیاں، لودھراں ،گوجرہ اور کبیروالا ،لیہ ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیاہے۔ کراچی میں بھی ناگن چورنگی، بفرزون، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اور فیڈرل بی ایریا میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزیدبارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ملکہ کو ہسا ر مر ی میں بر فبا ر ی کا نیا سلسلہ دوپہر میں شروع ہوا جس کے بعد سیاح بڑی تعدادمیں مری پہنچے۔ مال روڈ سمیت دیگرسڑکوں پرسیاحوں کاغیرمعمولی رش رہا اور مختلف سڑکوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ سیاحتی مقام گلیات میں بھی برفباری جاری رہی جس کے ساتھ ہی سیاحوں کارش بھی رہا۔ ترجمان گلیات احسن حمید کاکہناہے کہ سیاح غلط پارکنگ سے گریزکریں اور قوانین کی پاسداری کریں۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے سوات کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔مالم جبہ میں بھی برفباری کا مزہ لینے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچی ہے۔ لوئر دیر کے بالائی علاقوں شاہی ٹاپ ، بن شاہی اور کل پانی میں بھی برفباری جاری رہی اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ بلوچستان کے سیاحتی مقام وادی زیارت میں بھی سیاحوں نے ڈیرے ڈال دیے اور کراچی سے بڑی تعداد میں سیاح وادی پہنچ گئے۔ این ایچ اے حکام کاکہناہے کہ صوبے کی تمام شاہراہیں اوررابطہ سڑکیں بحال ہیں۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقوں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اوربٹوگاہ ٹاپ میں برفباری جاری رہی۔ غذر کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری رہی اور میدانی علاقوں میں گہرے بادل چھائے رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker