ماسکو، روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے، شان رسالت میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا باعث بنتی ہے،آزادی آپ کے اردگرد لوگوں کو عزت دینے کا نام ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوٹن نے سالانہ پریس کانفرنس کے موقع پر مذہبی آزادی میں رکاوٹ کے بغیر فنکارانہ اظہار کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کا فنکارانہ آزادی ضروری ہے تاہم دوسروں کے جذبات اور مقدسات کا احترام رکھنا بھی ضروری ہے۔روسی صدر نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام کی گستاخی آزادی اظہار میں شمار نہیں ہوتی، ہم کو دوسروں کی دل آزاری سے بچنا چاہیے، کسی کی دل آزاری مجرمانہ عمل ہے۔روسی صدر پوتن نے کہا ہے کہ فنکارانہ آزادی کے اپنی حدود ہیں اور اس سے کسی دوسرے کی آزادیوں کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے، مذہبی شخصیات کی اہانت آمیز تصاویر ان کے چاہنے والوں کو تشدد پر اکسانے کا باعث بنتی ہیں۔اس موقع پر روسی صدر نے چارلی ہیبڈو میگزین کے ادارتی دفتر پر پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اس کے نتیجے میں میگزین کے دفتر پر حملے کا حوالہ بھی دیا۔صدر پوٹن نے یہ بھی کہا کہ روس ایک کثیر النسلی اور کثیر الاعتقادی ریاست ہے اس لیے ہمارے ملک میں ایک دوسرے کی روایات کا احترام کیا جاتا ہے تاہم کچھ ممالک میں ایسا نہیں ہوتا۔