اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )کی انتظامیہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شعبہ واٹر سپلائی اسلام آباد میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہا ہے، اس سلسلے میں شہریوں کو پانی کی فراہمی کے نظام کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس ضمن میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مزید 12 نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کی جارہی ہے۔ ان فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر 27 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس کے لئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کئے جاچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مزکورہ فلٹریشن پلانٹس میں سے 3 فلٹریشن پلانٹس سیکٹر ایف سکس میں 67 لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کئے جائیں گے اسی طرح سیکٹرجی ایٹ اور جی نائن میں بھی 3 مختلف مقامات پر 67 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کی جائے گی۔ مزیدبرآں سیکٹر ایف سیون اور ایف ایٹ میں بھی پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ایک ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ 45لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کئے جائیں گے جبکہ سیکٹر جی 6میں 2مختلف مقامات پر45 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل کی جائے گی، علاوہ ازیں سیکٹر جی 7 میں بھی 2 مختلف مقامات پر45 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ واٹر سپلائی اسلام آباد میں پہلے سے موجود فلٹریشن پلانٹس کی اپ گریڈیشن بھی کررہا ہے اور ان پلانٹس کی با قاعدہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔