![asif zardari](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/12/asif-zardari-1.jpg)
اسلام آباد،سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نہ صرف قانون دان بلکہ سیاستدان اور ترقی پسند لیڈر تھے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ ملک بنایا تھا۔
اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قائداعظم کے انتقال کے بعد انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کے اصولوں کی نفی کی گئی۔ جمہوریت اور سیاستدانوں کے خلاف مہم جوئی کی گئی۔ وفاق کی طرف سے غیرمنصفانہ سلوک کی وجہ سے سانحہ مشرقی پاکستان رونما ہوا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اٹھارہویں آئین ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کا حترام کیا جائے اور صوبوں کو این ایف سی ایوارڈبھی دیا جائے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سوچ کی فیکٹری سے غداری کے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم محمد علی جناح کے فلسفے کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔علاوہ ازیں سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے غیرمسلموں کے لئے بھی محفوظ پاکستان بنایا تھا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھی 1973ء کے آئین میں غیر مسلم شہریوں کو برابری کے حقوق دئیے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں بسنے والے غیرمسلم شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب میں انسانیت کی قدر، صبر اور برداشت کا درس دیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کے غیرمسلم شہری نے بھی ملک کے لئے بے مثال خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے غیرمسلم پاکستانی شہریوں کے حقوق کے بنیادی اور آئینی حقوق کا دفاع کرتی رہے گی۔