
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے جمعرات کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں تجاوزات کنندگان کا 1 ٹرک سامان ضبط جبکہ متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے گھروں کے باہر قائم تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں سیکٹر I-9/4 گلی نمبر 35 میں پلاٹ لائن کے باہر 17 گھروں کے سامنے سرکاری اراضی پر بنائے گئے 11 کار شیڈز، 4 فینسز اور 2 داخلی دروازے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے۔ اسی طرح سیکٹر G-7/1 میں واقع وویمن ہاسٹل کے عقب میں 3 ریت بجری کے اڈے بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے گئے،مزیدبرآں بری امام کے محلہ اسپلال میں دو نئے زیر تعمیر گھروں اور ایک ہوٹل کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی،بعد ازاں بہارہ کہو روڈ کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی بھر پور کارروائیاں کی گئیں جس میں درجنوں غیر قانونی اسٹالز کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور تجاوزات ہٹاتے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 1 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہیواضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔