
راولپنڈی(آئی پی ایس )آزاد جموں و کشمیر پریس فاونڈیشن کے ممبرز بورڈ آف گورنرز کے انتخابات کے سلسلے میں راولپنڈی / اسلام آباد سے ایک نشست کے انتخاب پر ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا جمعرات کے روز رابطہ دفتر محکمہ اطلاعات راولپنڈی میں منعقد ہونے والے انتخابات میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات خواجہ عمران الحق نے پریزائیڈنگ آفیسر اور ناصر لطیف راجہ نے اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کے فرائض انجام دئیے جبکہ خواجہ روف احمد،رضوان احمد اور کامران خواجہ نے ان کی معاونت کی۔ کل 55 میں سے 51 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،غیر حتمی / غیر سرکاری نتائج کے مطابق شہزاد خان نے 29 اور زاہد اکبر عباسی نے 19 ووٹ حاصل کئے ۔3ووٹ مسترد ہوے ۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شہزاد خان 29 ووٹ حاصل کر کے اسلام آباد / راولپنڈی کی نشست پر کامیاب ہو گئے ۔راولپنڈی اسلام آباد کے سینئر صحافیوں نے پولنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔تمام امیدواروں نے پولنگ کے عمل اور انتخابی نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیف الیکشن کمشنر سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی مدحت شہزاد اور ناظم اعلی اطلاعات راجہ اظہر اقبال کا شکریہ ادا کیا۔