
گلگت( نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیراطلاعات،پلاننگ و ڈویلپمنٹ فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور اس کے ممکنہ اثرات اور خدشات سے عوام الناس کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے گلاف ٹو کے پروجیکٹ کی وساطت سے جی بی آر ایس پی نے یہ فریضہ انجام دیکر اہم کردارادا کیا ہے جس پر ہم جی بی آر ایس پی کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ گلاف ٹو کے موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے پانچ ویلیز کی تنظیمات کو تین روزہ تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ فتح اللہ خان نے کہا حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اس وقت اہم اقدامات اٹھارہی ہے اور گلگت بلتستان ان کے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے یہاں کے پہاڑ ، برف، گلیشئرز اور گلیشیائی جھیلیں موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہیں اورماضی میں ان کےا ثرات کی وجہ سے کئی آفات کا سامنا کرنا پڑا ہے اس لئے گلگت بلتستان کے عوام کے اس حوالے سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جی بی آر ایس پی کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی اور گلاف ٹو پراجیکٹ کے موسمیاتی تبدیلیوں سے آگاہی کے تربیتی پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر جی بی آرا یس پی کو خراج تحسین پیش کی ۔اس موقع پر انہوں نے تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے پانچ ویلیز حراموش , موٹھاٹ , پریشنگ , تریشنگ اور ہسپر نگر کے مردوخواتین میں اسناد بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر جی بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالطیف نے صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ فتح اللہ خان اور جی بی آر ایس پی کے ساتھ صوبائی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ صوبائی حکومت علاقے کے وسیع تر مفاد میں جی بی آر ایس پی کی سرپرستی جاری رکھے گی۔