
اسلام آباد،وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے تمام مسیحی ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔جمعرات کو اسلام آباد میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی پراجیکٹ کے بعد اپنی سیاست کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، نالہ لئی منصوبہ ان کی زندگی کا اہم مشن تھا جو 11 ارب سے شروع ہوا اور 26 سالوں کے بعد اب ایک سو پانچ ارب پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسیحی ورکرز کو 25 دسمبر سے پہلے تنخواہیں دے دی جانی چاہییں۔چھٹیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ 25کو ہفتہ ہے اور اتوار کو بھی چھٹی ہے۔27 دسمبر کو چھٹی کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ چھوڑیں چھٹی کو، کام کریں، کبھی میری بات بھی مان لیا کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ مسیحیوں کی رہائش کا مسئلہ حل ہونا چاہیے کیونکہ وہ ایسی کچی آبادیوں میں رہ رہے ہیں جو انسانوں کے لیے موافق نہیں،رہائش کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔شیخ رشید نے ایک بار پھر سیالکوٹ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم اس پر شرمندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاسی ورکر ہیں اور تمام مذاہب کے اکابرین کا نام احترام سے لیتے ہیں۔