
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے اسباب سے متعلق جائزہ رپورٹ کے بعد پارٹی فیصلے کے مخالف جانے والے ارکان کو ابتدائی طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں بلدیاتی انتخابات میں شکست سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کی۔وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا ہماری بیس لائن ہے، یہاں اندرونی نالائقیوں کے سبب ہم ہار گئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کسی قسم کی سفارش یا رشوت ستانی برداشت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کے پی کے آئندہ مرحلے میں خود امیدواروں کے چنائو کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعلی کو پی ٹی آئی کارکنوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمیں پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہو گا، پارٹی کے اندرونی اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہوا۔خیال رہے کہ 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔