اسلام آباد ، وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں گندھارا تہذیب اور ثقافتی ورثہ کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ماس ویکسینیشن سینٹر کو سیٹیزن کلب بلڈنگ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، ایف نائن پارک میں ماس ویکسینیشن سینٹر کی جگہ گندھارا تہذیب کا مرکز فعال کیا جائے گا،منصوبے کا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،ماس ویکسینیشن سینٹر کو ایف نائن پارک میں انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی نئی بلڈنگ میں شفٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مراسلہ بھیج دیا ہے جس میں ایف نائن پارک میں ماس ویکسینیشن سینٹر کو خالی کرانے کا کہا گیا ہے ، مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماس ویکسینیشن سینٹر کو سیٹیزن کلب بلڈنگ سے انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی نئی بلڈنگ میں شفٹ کیا جائے،ایف نائن پارک ماس ویکسینیشن سینٹر مئی 2021 میں قائم کیا گیا تھا، سینٹر میں یومیہ 20 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی گنجائش ہے ۔ ذرائع کے مطابق این ڈی ایم اے نے تاحال سی ڈی اے کے مراسلے کا جواب نہیں دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماس ویکسینیشن سینٹر کی جگہ گندھارا تہذیب کا مرکز فعال کیا جائے گا، سی ڈی اے نے ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر خالی کرانے کا فیصلہ بورڈ اجلاس میں کیا تھا،سی ڈی اے کی طرف سے ایف نائن پارک میں سینٹر کی جگہ گندھارا تہذیب کا مرکز کے منصوبے کا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔