
پشاور،وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل پشاور کی حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کیخلاف کارروائیاں ، یادگار چوک اور صدر کے علاقے میں 4 مختلف چھاپوں میں تین افراد کوگرفتار کر لیا گیا ،گرفتار ملزمان سے56لاکھ 44ہزار پاکستانی روپے جبکہ 2ہزار درہم برآمد کر کے ایک دکان سیل کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی اور ڈائریکٹر کے پی ماجد اکبر خان کی ہدایت پر ایف آئی اے سی بی سی پشاور نے چوک یادگار پر چھاپہ مارا اور ایک ملزم محمد ابراہیم ولد گل وزیر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 20 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور حوالہ ہنڈی کی رسیدیں برآمد کرلیں ۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری کارروائی بھی چوک یادگار اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کی گئی جس میں ایک ملزم محمد رفیق ولد غلام محمد کو گرفتار کرکے حوالہ ہنڈی میں استعمال ہونے والے غیرقانونی 13لاکھ 27 ہزار روپے برآمد کرلئے گئے۔ پشاور میں تیسری کارروائی صدر کے علاقے میں کی گئی جہاں سے ملزم فیض اللہ اعوان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 22 لاکھ 67 ہزار پاکستانی روپے اور 2 ہزار درہم برآمد کرلئے گئے۔تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔