
کوئٹہ ( آئی پی ایس) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور ہے اور حالات نے ثابت کردیا کہ پچھلے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اس وقت تحصیلوں اور یونین کونسل کی سطح پر سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اور اب بھی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے لیکن کچھ قوتیں اور نادیدہ قوتیں جمعیت کے سامنے رکاوٹیں بنتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی روح سے قرآن وسنت کے نظام کی بات کرتے ہیں، تو سمجھتے ہیں کہ اگر یہ لوگ اوپر آگئے تو امریکا اور مغربی دنیا کیا سوچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک جماعت کو کنٹرول میں رکھنا ہے اور آگے نہیں جانے دینا، یہ سوچ شکست کھا چکی ہے، اب راستے کھول دو اور ہمیں آگے بڑھنے دو۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ ہم پاکستان کو ان سے بہتر چلائیں گے، ہمیں پاکستان چلانا آتا ہے اور خدا کے فضل سے ہم دیانت دار لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ من حیث الجماعت جمعیت علمائے اسلام پر کسی قسم کے کرپشن کی باتیں نہیں ہیں، اب تو ثابت ہوگیا کہ کرپشن کی باتیں بھی ایک ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں چاہے کوئی ہیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کے خلاف پشاور میں میئر کی سیٹ جیت لی اور صوبے بھر میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔