اہم خبریںپاکستان

بھارتی سازشیں ناکام، پاکستان عالمی سفارتکاری میں کلیدی حیثیت اختیار کر گیا

اسلام آباد (ارمان یوسف ) بھارت کی طرف سے پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کی کوششیں ایک بار پھر ناکام ہو گئیں ، افغان ایشو پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کو ناکام بنانے کیلئے پڑوسی ملک میں ہونے والا وسط ایشیائی ممالک کا اجلاس اہمیت اختیار نہ کر سکا،او آئی سی رکن ممالک کے 20 وزرائے خارجہ، 10 نائب وزرا اور وزرائے مملکت نے اسلام آباد اجلاس میں اپنے ملکوں کی نمائندگی کی، کامیاب اجلاس سے پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کے تاثر کو بھی یکسر شکست ہو گئی ، وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد سے عالمی سفارتکاری میں پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر گیا ہے ، عالمی میڈیا پر اسلام آباد کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کا چرچا رہاجبکہ بھارت میں ہونے والے اجلاس میں صرف پانچ ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی جس پر عالمی میڈیا اور سفارتکاری کے محاذ پر اسے ناکام اجلاس قرار دیا جا رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر سعودی عرب کی تجویز اور پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے رکن ممالک کے وزرا خارجہ کی کونسل کا 17واں غیر معمولی اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہوا جس میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سمیت او آئی سی کے کل 57رکن ممالک میں سے 20 کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی جبکہ 10کے نائب وزرا یا وزرائے مملکت نے اپنے ملکوں کی نمائندگی کی ، اس کے علاوہ دیگر رکن ممالک کے اعلیٰ وفود نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں اقوام متحدہ، یورپی یونین، عالمی مالیاتی اداروں، علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں، جاپان، جرمنی اور دیگر نان او آئی سی ممالک کے نمائندوں نے بھی بطور مبصر شرکت کی، اجلاس سے وزیراعظم عمران خان کے مدلل خطاب اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سمیت دیگر شرکا کی تقاریر کو عالمی میڈیا پر بھرپو ر پذیرائی ملی ۔ تاہم اس اہم ترین موقع پرجب پاکستان دنیا کو ایک بڑے انسانی المیے سے بچانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہا تھا ، پڑوسی ملک بھارت کی طرف سے ایک بار پھر اس کوشش کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی اورر افغانستان میں بحران اور علاقائی روابط پر اجلاس بلایا گیا جس میں صرف وسطی ایشیائی ممالک کرغزستان، تاجکستان، قزاقستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے ، ان ممالک کے وفود نے پاکستان میں ہونے والے اجلاس میں اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی بھی کی ، اس اجلاس میں روس اور ایران کے مشیرانِ قومی سلامتی بھی شریک ہوئے ۔ تاہم بھارت کی طرف سے پاکستان کو ناکام بنانے کی یہ کوشش بھی ماضی کی طرح ناکام ہو گئی ، عالمی میڈیا پر اسلام آباد کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کا چرچا رہا، بھارت میں ہونے والے اجلاس کو عالمی میڈیا اور سفارتکاری کے محاذ پر ناکام قرار دیا جا رہا ہے۔ وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد سے پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کے تاثر کو بھی یکسر شکست ہو گئی ہے اور افغان ایشو پر پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker