
گلگت (آئی پی ایس) آغا خان ہائر سیکنڈری سکول گلگت میں یوم والدین کی تقریب ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ایڈووکیٹ نذیر احمد مہمان خصوصی جبکہ وزیر اعلیٰ کے کوارڈینیٹر یاسرعباس میرِ محفل کی حیثیت سے تقریب میں شامل ہوئے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں والدین اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اسکول کے طلبا نے مختلف انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے والدین اور مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔ اسکول کے پرنسپل ظفر اقبال نے تمام مہمانوں اور والدین کو خوش آمدید کہا اور تعلیمی سال 2021 کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس سال سکول ہذا نے آغاخان یونیورسٹی امتحانی بورڈ میں مجموعی نتیجہ 99.75 حاصل کرتے ہوئے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیا۔اور بورڈ سطح پر طالب علم آرشان علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح بارہ طلبا نے بورڈ سطح پر اعزازی نمبر حاصل کئے۔اس سال جماعت نہم ، دہم اور گیارھویں کا نتیجہ سو فی صد رہا جبکہ بارھویں جماعت کا مجموعی طور پر 99.75 رہا۔ اس کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں میں اسکول کے طلبا نے گلگت بلتستان اور ملکی سطح پرمختلف شعبہ ہائے جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں کھیل، فلم سازی ، تقریری مقابلے اور مضمون نویسی وغیرہ شامل تھے۔ تقریب سے خطاب میں مہمانوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو حصول علم کے لیے بروئے کار لائیں۔ تقریب میں تعلیمی سال کے دوران مختلف نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں طلبا کو تعریفی اسناد اور میڈیلز سے نوازکرحوصلہ افزائی کی گئی۔ اسی طرح بورڈ سطح پر سالانہ امتحان میں مختلف مضامین میں نمایاں نمبر سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبا اور اُن مضامین کے اساتذہ کو بھی تعریفی اسناد اور میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں گلگت بلتستان کے معروف کالم نویس اور اسسٹنٹ پروفیسر امیر جان حقانی نے خصوصی طور پرشرکت کی اور اپنے خطاب میں اُنھوں نے طلبا اور والدین پر زور دیا کہ درس و تدریس کے عمل میں حسب خواہش اثرات سے مستفید ہونے کے لیے اسکول اور اساتذہ کے ساتھ رابطے اور تعاون کو یقینی بنائیں۔ امیر جان حقانی نے والدین پر زور دیا کہ وہ مضامین کے انتخاب میں طلبا کی خواہش اور پسند کا احترام کریں اور فیصلہ سازی میں طلبا کو بھی ضرورشامل کریں۔ تقریب کے میر محفل اور آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول گلگت کے فارغ التحصیل یاسرعباس نے اپنے خطاب میں طلبا کو آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول گلگت جیسے نامور ادارے میں زیور علم سے آراستہ ہونے کا سنہری موقع ملنے پر مبارک باد دی اور اُنھوں نے آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول کو تعلیم و تربیت کے حوالے سے بہترین پلیٹ فارم قرار دیا اور طلبا پر زور دیا کہ وہ آنے والے وقت کے لیے اپنے آپ کو ہر طرح سے تیار کریں ۔ تقریب میں والدین کے علاوہ قراقرم کوآپریٹیو بنک کے سی ای او سید غلام محمد، پرنسپل فاطمہ جناح وویمن کالج گلگت ، اعزازی سیکریٹری اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت مس لال بیگم، ڈپٹی سیکریٹری سید مس ولی شاہ، پروفیسر عبدالعزیز ، ڈپٹی ڈائريکٹر کالجز فضل کریم ، ہیڈ ڈبلیو ڈبلیوایف حیدر رضا نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول گلگت کے فارغ التحصیل ، جن میں ڈپٹی ڈائريکٹر سجاد خان، ہیڈ جناح بائی اسکالر شپ عمران باشی، کیپٹن حسن خان ، پرنسپل آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول شیر قلعہ عمران شاہ، عباس سرکارمیرزہ وائس چیرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل اور صحافی دیانت علی نے تقریب میں شرکت کرکے طلبا کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کےاختتام پر اسکول کی جانب سے پرنسپل اور وائس پرنسپل نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیے۔ آخر میں وائس پرنسپل رضیہ سلطانہ نے والدین اور تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔