اکستان کے معروف اداکار فواد خان نے کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے بعد آخرکار جلد ریلیز ہونے والی امریکی ویب سیریز مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق کردی۔بھارت کے فلم کمپینین پروگرام کی میزبان انوپما چوپڑا کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان نے اپنے بالی وڈ کیریئر پر گفتگوکی اور امریکی ویب سیریز میں کام کرنے کی تصدیق بھی کی۔انٹرویو کے دوران جب فواد خان سے امریکی ویب سیریز مس مارول میں اداکاری بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اس کا حصہ ہیں۔فواد خان نے کہا کہ اب تو میں جھوٹ نہیں بول سکتا، انہوں نے خود خبر لگا دی ہے۔خیال رہے کہ مس مارول ویب سیریز کی کہانی کمالہ خان نامی سپر ہیرو پر مبنی ہے جسے پاکستانی نژاد لڑکی کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔ یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ مارول ویب سیریز کی کہانی پاکستانی اور مسلم لڑکی کے کردار پر مبنی ہوگی اور اب اداکار فواد خان نے بھی اس کا حصہ بننے کی تصدیق کردی ہے۔انٹرویو کے دوران فواد خان نے اپنی آنے والی فلموں کے بارے میں بھی بتایا۔ فواد کا کہنا تھا کہ ان کی فلمیں مولا جٹ اور ایک کامیڈی فلم تیار ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ لوگ ان فلموں کو پسند کریں گے۔علاوہ ازیں انہوں نے اپنی فلمنیلوفر کے بارے میں بھی گفتگو کی جس کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ان کی پہلی پروڈکشن ہے جس کی کہانی لو سٹوری پر مبنی ہے۔فواد خان کے مطابق ان کی یہ تینوں فلمیں ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں۔ اور جب لوگ ان فلموں میں ان کے مختلف کردار دیکھیں گے تو وہ اپنے مداحوں کے ردعمل کے منتظر ہیں۔انہوں نے ڈرامہ سیریل زندگی گلزار ہے کی ساتھی اداکارہ صنم سعید کے ساتھ اداکاری سے متعلق کہا کہ وہ صنم کے ساتھ دوبارہ اسکرین پر نظر آئیں گے۔تاہم انہوں نے پروجیکٹ کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔بالی وڈ میں کام کرنے کے تجربے سے متعلق فواد خان نے کہا کہ انہیں بالی وڈ کی یاد آتی ہے اور وہاں انہوں نے بہت اچھے دوست بھی بنائے ہیں۔فواد کا کہنا تھا کہ میں نے وہاں بہت اچھے دوست بنائے ہیں، میرا ان سے اب بھی رابطہ ہے۔دونوں ممالک کے مابین موجود کشیدہ صورتحال کو فنکار دوریوں کو کیسے ختم کر سکتے ہیں کے سوال پر فواد خان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو مل کر کام کرنا چاہیے اور اس سے دوستی بھی بڑھتی ہے۔ لوگوں کے درمیان تعلق بڑھتا ہے اور یہ ہر لحاظ فائدہ مند ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ انڈیا کے جن شہروں میں گئے وہاں محبت محسوس کی۔