بھارت کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان روہت شرما ان دنوں انجری کا شکار ہیں جس کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں تاہم ان کی انجری نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان روہت شرما اور آل راؤنڈر رویندر جدیجہ ان دنوں انجری کا شکار ہیں اور انجری سے نمٹنے کے لیے این سی اے میں ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ روہت شرما کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نائب کپتان کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ اپنی چوٹ کے باعث ابھی جنوبی افریقہ کے دورے پر نہیں جاسکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کی ریکوری میں ابھی تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں لیکن امید ظاہر کی جارہی ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف 19 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔روہت شرما کی جگہ انڈٰین ٹیم اے کے کپتان پریانک پانچال کو ٹیم میں رکھا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کے ایل راہل اور مینک اگروال ہی اوپننگ کریں گے۔واضح رہے کہ روہت شرما کو گزشتہ ہفتے ویرات کوہلی کی جگہ ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا جس کے بعد بھارت میں کپتانی کو لے کر ایک نیا تنازع شروع ہوگیا جبکہ رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔رپورٹس کے مطابق بعد ازاں ویرات کوہلی نے روہت شرما کی قیادت قبول کرتے ہوئے ان کی قیادت میں کھیلنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ میرے اور روہت شرما کے دوران کوئی اختلاف یا جھگڑا نہیں ہے۔یاد رہے کہ روہت شرما کی قیادت میں انڈیا نے 10 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں سے 8 میچز انڈین ٹیم نے جیتے ہیں۔





