
اسلام آباد ،این سی او سی کے احکامات کھوہ کھاتے ، وفاق اور صوبوں نے چھٹیوں کا الگ الگ شیڈول جاری کر دیا ، اسلام آباد میں3جنوری سے 9 تک ، پنجاب میں 23دسمبر سے6 جنوری تک تعلیمی اداروں میں چھٹیاں ہوں گی،کے پی کے میں 3 سے 12جنوری تک،سندھ میں 20دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں کا اعلان کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب،اسلام آباد، سندھ اور خیبر پختونخوا میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا اور کہا کہ چھٹیاں 23 دسمبر سے شروع ہوکر 6 جنوری تک جاری رہیں گی۔ وزیر تعلیم و سکول کا مزید کہنا تھا کہ برائے مہربانی کورونا ویکسین لگوائیں اورکورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ۔دوسری جانب محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میدانی علاقوں کے تعلیمی ادارے 3 جنوری سے 12 جنوری تک بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، پہاڑی علاقوں کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں 24 دسمبر سے 28 فروری تک ہو گی جبکہ خیبرپختونخوا میں موسم سرما کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولز بند رہیں گے۔ادھر وفاقی نظامت تعلیمات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات 3 سے 9 جنوری تک ہونگی۔اس سے قبل این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں 3 جنوری سے موسم سرما کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ۔ فیصلے کا اطلاق شدید سردی اور دھند والے علاقوں پر نہیں ہو گا۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرنے کا معاملہ زیر غور آیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری سے ہوں گی، نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے دنیا میں پھیل رہا ہے، اسی تناظر میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کیا گیا ہے، اسکول کھلے رکھنے سے لاکھوں طلبہ ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے۔این سی اوسی نے والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جلد از جلد ویکسین لگوائیں، والدین سے اپنے بچوں کو پولیو سے بچا کے ٹیکے بھی لگوائیں، وہ لوگ جنہوں نے ابھی تک کورونا کی اپنی دوسری خوراک نہیں لگوائی، وہ فوری طور پر دوسری خوراک لگوائیں، تعطیلات ری شیڈول کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبا وطالبات کو کورونا ویکسین لگانا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 10 سے 12 روز کی تعطیلات ہو سکتی ہیں، بلوچستان میں 2 سے 3 ماہ کی تعطیلات ہوسکتی ہیں، سندھ، کے پی کے اور اسلام آباد تعطیلات کے حوالے سے خود فیصلہ کریں گے۔علاوہ ازیں این سی او سی کے فیصلے کے برخلاف محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک کرنے کا اپنا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں کرنے کی منطوری دی گئی تھی۔اسی فیصلے کے تحت سندھ میں تعلیمی ادارے اسکول و کالجز پیر 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیوں کی وجہ سے بند رہیں گے اور بروز 3 جنوری سے سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔