سپریم کورٹ نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کو نجی یونیورسٹیز کے غیرقانونی کیمپس بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا غیر قانونی کیمپس سے پاس طلبا کو مخصوص طریقے سے ڈگریاں دی جائیں،نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں یونیورسٹیوں کے غیرقانونی کیمپسز سے ڈگریاں جاری نا کرنے کی درخواست پرسماعت ہوئی ، کیس کی سماعت جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ ایچ ای سی غیر قانونی کیمپس سے پاس آؤٹ ہونے والے طلبا کو مخصوص طریقے سے ڈگریاں فراہم کرے، ملک بھر میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی یکساں پالیسیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔عدالت نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل تعاون کریں، عدالت کے سامنے سوال تھا کہ کیا پرائیویٹ یونیورسٹیاں اپنی حدود سے باہر ذیلی کیمپس قائم کر سکتی ہیں یا نہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے واضح کر دیا کہ یونیورسٹیوں کو اپنی حدود سے باہر کیمپس قائم کرنے کی اجازت نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایچ ای سی نے کئی بار پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو غیر قانونی کیمپس کے قیام پر الرٹ جاری کیے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا موقف ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کا غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرانے میں تعاون ناگزیر ہے، وفاق اور صوبائی حکومتوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا۔طلبا کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے نیب کو نجی یونیورسٹیوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، طلبا لاہور ہائیکورٹ اپنی ڈگریوں کے لیے گئے تھے، ہائیکورٹ نے نجی یونیورسٹیوں کے کیمپسز کو غیر قانونی قرار دے دیا۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے پاس اختیارات ہیں، نیب کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ضرورت نہیں، اگر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کمزور ہے تو وفاق کو حکم دیں گے قوانین میں ترمیم کرے، لاہور ہائیکورٹ نے درست اور حقائق پر مبنی فیصلہ دیا۔واضح رہے کہ پریسٹن اور الخیر یونیورسٹی نے لاہور اور کراچی میں غیر قانونی کیمپس قائم کیے تھے۔ طلبا نے ایچ ای سی کی جانب سے غیر قانونی کیمپسز سے ڈگریاں جاری نا کرنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔
Related Articles
نو مئی کے مجرموں کو سزائیں؛ منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک سلسلہ ختم نہیں ہوگا، وزیر دفاع
ہفتہ, 21 دسمبر, 2024
مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو سزا ملے گی، 25 مجرمان کو سزائیں سنا دی گئیں: آئی ایس پی آر
ہفتہ, 21 دسمبر, 2024
خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ
جمعہ, 20 دسمبر, 2024