
اسلام آباد،اسلام آباد میں خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے صدر مملکت کی ہدایت کے تسلسل میں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)کے چیئرمین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایوان صدر سیکرٹریٹ کے افسران، کامسیٹس یونیورسٹی آرکیٹیکچر ڈپارٹمنٹ کی فیکلٹی، نسٹ یونورسٹی اور نیشنل کونسل آف آرٹس نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں ایف سکس مرکز کو مکمل طور پر سپیشل پرسن فرینڈلی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ ایف سکس مرکز کے بعد آئی ایٹ مرکز اور آبپارہ مارکیٹ کو سپیشل پرسن فرینڈلی بنایا جائے گا۔ اسی طرح کہ تمام بلڈنگز، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی افراد کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ خصوصی افراد اس معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں اور سی ڈی اے انکے لئے سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے،اسی طرح تمام پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر خصوصی افراد کیلئے ریمپس اور بیت الخلا سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔