فن و فنکار

جون ایلیا کا 90 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

اردو ادب کے معروف شاعر جون ایلیا کا90واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔جون ایلیا برصغیر کے نمایاں حیثیت رکھنے والے پاکستانی شاعر، فلسفی، تاریخ داں اور سوانح نگار تھے،وہ 14 دسمبر، 1931 کو امروہہ، اترپردیش میں پیدا ہوئے ۔ شاعرِ بے بدل جون ایلیا کو اقدار شکن اور باغی کہا جاتا ہے ۔ جون ایلیا نے 1957 میں پاکستان ہجرت کی اور کراچی کو اپنا مسکن بنایا۔ جلد ہی وہ شہر کے ادبی حلقوں میں مقبول ہو گئے۔وہ اپنے انوکھے اندازِ تحریر کی وجہ سے آج بھی بہت پسند کئے جاتے ہیں ۔
مل رہی ہو بڑے تپاک کے ساتھ
مجھ کو یکسر بھلا چکی ہو کیا؟
جون ایلیا کا علم فلسفہ، منطق، اسلامی تاریخ، اسلامی صوفی روایات ، اسلامی سائنس، مغربی ادب اور واقع کربلا پر انسائیکلوپیڈیا کی طرح وسیع تھا اور اس علم کا نچوڑ انہوں نے اپنی شاعری میں بھی شامل کیا ۔
جون ایک ادبی رسالے انشا سے بطور مدیر وابستہ رہے جہاں ان کی ملاقات اردو کی ایک اور مصنفہ زاہدہ حنا سے ہوئی جن سے وہ بعد میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ۔1980 کی دہائی کے وسط میں ان کی زاہدہ حنا سے طلاق ہو گئی۔
جون ایلیا کی شاعری کا پہلا مجموعہ1991 میں منظر عام پر آیا اس وقت ان کی عمر 60 سال تھی ، اس مجموعے کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اردو سے آشنا طبقے نیبیحد پسند کیا ۔
جون ایلیا کی شاعری کا دوسرا مجموعہ "یعنی” ان کی وفات کے بعد 2003 اور تیسرا مجموعہ "گمان” 2004 میں شائع ہوا ۔ "لیکن” 2006میں جبکہ "گویا” 2008 مختصر مضامین کا مجموعہ "فرنود” 2012 میں شائع ہوا ،علاوہ ازیں ان کے دیگر مجموعے بھی شائع ہوئے ۔
سال 2000 میں حکومت پاکستان نے ممتاز شاعر جون ایلیا کو ان کی ادبی دنیا کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا ۔
طویل علالت کے بعد اردو ادب کا یہ منفرد قلم کار اور ادبی دنیا کا آفتاب 8 نومبر 2002 کو 71 برس کی عمر میں انتقال کر گیا۔ وہ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک ہیں۔
جو گزاری نہ جا سکی ہم سے
ہم نے وہ زندگی گزاری ہے
جون ایلیا کی شاعری خصوصا محبوبہ کو مخاطب کر کے کی جانے والی شاعری نوجوانوں کو متوجہ کرتی ہے۔ سوشل میڈیا پر جون ایلیا کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker