سرینگر،مقبوضہ کشمیر میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ حریت پسندوں نے حملہ کر کے تین قابض اہلکاروں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع سرینگر کے علاقے رنگریٹ میں محاصرے اور تلاشی کی مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔قابض حکام نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا اور انٹرنیٹ موبائل سروس معطل کر دی۔ادھرنوجوانوں کی شہادت پرعلاقے کے لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا دونوں نوجوان بے گناہ تھے اور ان کوجعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔ دوسری طرف نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں پنتھہ چوک کھنموہ روڈ پر زیون کے مقام پر انڈین ریزروپولیس کی 9 ویں بٹالین کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کی جس سے 3اہلکار ہلاک جبکہ درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بعض قابض اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حکام کے مطابق تمام زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ علاقے کا محاصرہ کر کے بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔