![](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/07/bilawal.jpg)
کراچی،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پاکستان زندہ باد اور آپ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں، پاکستان مخالف نعرے لگانے والے ہم کو لیکچر دینے والے کون ہوتے ہیں؟،پاکستان مردہ باد کہنے والی جماعت پیپلزپارٹی کو لیکچر دینے کی ہمت کیسے رکھتی ہے ، سندھ کے بلدیاتی نظا کو کالا قانون کہنے والوں کامنہ کالا ہو جائے گا ،سندھ میں جو بلدیاتی قانون لائے ہیں اس کا مقابلہ پنجاب ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کا قانون نہیں کر سکتا ، پیپلز پارٹی وفاق پرست اورپاکستان زندہ باد کہنے والی جماعت ہے، وزیر اعظم کا صحت انصاف کارڈ صرف شوشہ ہے، حقیقت میں یہ سرکاری ہسپتالوں پر ڈاکہ ہے، اب پورے ملک میں نہ بلا چلے گا، نہ پتنگ نہ شیر اب صرف اور صرف تیر چلے گا، شہر قائد کے عوام پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
پیر کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی قانون پر اپوزیشن جماعتوں نے جو تنقید کی ہے وہ ان کا حق ہے لیکن جھوٹ بولنا کسی کا حق نہیں ہے ۔ مثبت تنقید کرنا جائز سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے قانون سے بہتر قانون لائے ہیں ۔ جو ہمیں کہہ رہے ہیں کہ کالا قانون لائے ہیں وہ بتائیں کہ پنجاب میں انہوں نے کسی سے مشاورت کی ہے یکطرفہ انتخابات کے آرڈیننس کا اعلان کیا اور من مرضی کو پنجاب میں مسلط کیا ۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیار نہیں دیا ۔ اسلام آباد میں صحت اور تعلیم کے اختیارات لے لئے گئے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی حکومت نے اپنے اختیارات نچلی سطح پر نہیں دیئے ہیں لیکن سندھ حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو با اختیار بنایا ہے اور اختیارات نچلی سطح پر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں آصف علی زرداری سب سے طاقتور سویلین در تھے اور انہوں نے بھی اختیارات پارلیمان کو دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نمائندوں اور میئر کو مزید با اختیار بنایا ہے ۔ سندھ میں جو بلدیاتی قانون لائے ہیں اس کا مقابلہ پنجاب ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کا قانون نہیں کر سکتا ہے ۔ جب کہ جو سندھ کے بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہہ رہے ہیں ان کے منہ کالے ہو جائیں ۔ پاکستان اور کراچی کی عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں خود شہر کراچی میں پیدا ہوا ہوں اور جب سے پیدا ہوا ہوں شہر کراچی میں دہشتگردمسلط رہے ہیں ۔ یہی مصطفی کمال اور وسیم اختر حکمران تھے ،اب ایم کیو ایم کو چلنے نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مردہ باد کہنے والی جماعت پیپلزپارٹی کو لیکچر دینے کی ہمت کیسے رکھتی ہے ، ہم وفاق پرست، پاکستان زندہ باد کہنے والے ہیں ، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو سچ بولنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اپوزیشن خوفزدہ ہیں اور ہار ماننے کو تیار نہیں ،ہمیں معلوم ہے کہ اب صرف تیر چلے گا ، پیپلزپارٹی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے جا رہی ہے اور پیپلزپارٹی قوم کی خدمت کرنے کو تیار ہے ، پورے ملک میں ہر جگہ عوام کی خدمت کریں گے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا صحت کارڈ کا شوشہ حقیقت میں سرکاری ہسپتالوں پر ڈاکہ ہے اور سرکاری ہسپتالوں کا پیسہ پرائیویٹ ہسپتال کو دیا جا رہا ہے ، وزیراعظم ہیلتھ کارڈ پروگرام عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ، سندھ میں حکومت صوبے کے عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ میں شامل رقم سے زیادہ کے علاج مفت کرارہی ہے ۔