![nab](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/12/nab.jpg)
اسلام آباد،قومی احتساب بیورو نے ملزم دانش کو گرفتار کر لیا، نیب نے شکایت پر عبدالسلام میندھرو اور 8 دیگر ملزمان کے خلاف انکوائری اور انویسٹی گیشن شروع کی۔
انویسٹی گیشن مکمل ہونے پر نیب نے احتساب عدالت کراچی میں ریفرنس نمبر 20/2019 دائر کیا۔ ریفرنس کے مطابق ملزم پر الزام لگایا گیا کہ سی این جی ای کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لمیٹڈ کے نام 20ایکڑ اراضی گلزار ہجری کراچی میں الاٹ کی گئی۔ عبدالسلام میندھرو، شریک ملزم دانش اور دیگر شریک ملزمان نے ملی بھگت کرکے انتظامی کمیٹی کے جعلی اور خود ساختہ انتخابات کے ذریعے سوسائٹی اور اس کا ریکارڈ اپنے قبضہ میں لے لیا۔ ملزم دانش نے پٹیشن نمبر 5/2021کے ذریعے سپریم کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔ 13 دسمبر 2021 کو اس درخواست کی سماعت کے دوران نیب کے خصوصی پراسیکیوٹر سردار محمد اعوان نے سپریم کورٹ کی جانب سے 26 مئی 2021 کو جاری کئے گئے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق آگاہ کیا جس میں ملزم نے واجب الادا 11 کروڑ 62 لاکھ 20 ہزار 483 روپے تحریری طور پر جمع کرانے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس نے اپنے وعدے کے مطابق پلی بارگین کی درخواست جمع نہیں کرائی۔ مذکورہ ملزم کی ریکارڈ اور میرٹ کے مطابق درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لینے کی اجازت طلب کی اور اس بنا پر یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔ قانون کے مطابق درخواست ضمانت خارج ہونے پر ملزم دانش کو تحویل میں لے لیا گیا۔