
لاہور،مسلم لیگ (ن) کے صدروقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احتساب عدالت میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں آئی جتنی اب ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اس مہنگائی نے ہر گھر کو تباہ حال کردیا ہے، لوگ ہاتھ اٹھا کر حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، قوم ایسی صورت حال میں ہے جس سے خوف آتا ہے، یہاں تک کہ بچوں کے دودھ اور ادوایات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔شہباز شریف منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے لیے پیر کواحتساب عدالت لاہورمیں پیش ہوئے۔ انہوں نے احتساب عدالت لاہور میں حاضری مکمل کروائی جبکہ حمزہ شہباز عدالت میں پیش نہ ہوئے ان کی جانب سے ان کے وکیل نے حاضری کی استثنیٰ کی درخواست دائر کرائی۔وکیل کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز رشتے دار کی شادی کی تقریب کیلئے اسلام آباد میں ہیں، لاہورموٹروے بند ہونے کے باعث حمزہ شہباز پیش نہیں ہوسکتے۔