
اسلام آباد /کراچی /کوئٹہ / گلگت،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کال پر مہنگائی اور مہنگے پٹرول کے خلاف چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے مختلف شہروں، مظفرآباد، حویلی، سندھنوتی سمیت چھوٹے بڑے شہروں، سائوتھ وزیرستان، پشاور، ایبٹ آباد، بنوں، کرک، لکی مروت، صوابی، بٹگرام، سوات، اپر دیر لوئر دیر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، مانسہرہ، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، خانیوال، لیاقت پور، رحیم یارخان، بہاولنگر، بہاولپور، خانیوال، ملتان، سرگودھا، منڈی بہائوالدین، لیہ، مظفرگڑھ، شیخوپورہ، جہلم، گوجرانوالہ، لالہ موسی، قصور، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، بھکرڈیرہ غازیخان، جھنگ، ژوب، موسی خیل، کوئٹہ، ہرنائی، لسبیلہ، تربت، گلگت،ہنزہ، استور، چترال، کراچی، لاڑکانہ، شہدادکوٹ، سکھر، میرپورخاص، عمر کوٹ، خیرپور، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، نواب شاہ، دادو، حیدرآباد، مٹیاری، ہالہ، مٹھی، قبہ سعید خان، جامشورو سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہر ے کئے۔ مقررین نے ملک میں مہنگائی، پٹرول ، بجلی اور گیس ی قیمتوں میں ہوشربا مہنگائی پر احتجاج کیا۔ مظاہرین گو عمران گو، آٹا مہنگا، گھی مہنگا، پٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی کے پر شگاف نعرے لگاتے رہے۔پاکستان پیپلزپارٹی ضلع اسلام آباد کی طرف ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس میںپیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری اور مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پیپلزپارٹی کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔پیپلزپارٹی کارکنوں نے گو عمران گو اور مہگائی کیخلاف بھی نعرے لگائے۔پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئرحسین بخاری نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے احتجاج کی کال دی تھی،پیپلزپارٹی اسلام آبادسمیت پورے ملک میں مہنگائی کیخلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے، پچھلے 38 ماہ سے حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، گزشتہ روز ہی بجلی کی قیمت میں پانچ روپے اضافہ کردیا گیا ہے، عمران خان کہتے ہیں ملک میں مہنگائی نہیں ہے، عمران خان اور وزراء کو مہنگائی کا احساس اس لئے نہیں کیوں کہ انکے پاس اے ٹی ایمز ہیں، عمران خان اور وزراء کے اے ٹی ایمز کو کیا احساس ہوگا کہ کتنی مہنگائی ہے؟ملک میں روپے کی قیمت گرتی جا رہی ہے، نااہل حکمرانوں نے عوام کو بیروزگار کرنے اور گھر گرانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔پیپلزپارٹی سیکرٹری جنرل نے ملک نے نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل ہیں،پی ڈی ایم کے پلان پر عملدرآمد ہوتا تو پیپلزپارٹی ساتھ ہوتی، موجودہ صورتحال کے ذمہ دار پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی بھی ہیں، لانگ مارچ کے ساتھ کہا گیا کہ استعفے دے دیں، پیپلزپارٹی نے واضح کہا تھا کہ استعفے آخری آپشن ہے، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی پیپلزپارٹی کی موثر تجاویز سے پیچھے بھاگ گئیں، ہم سمجھتے ہیں کہ ان ہاوس تبدیلی لانی چاہئے حکومت کے پاس بہت کم نمبر ہیں، تحریک انصاف کے اندر بھی لوگ نالاں ہیں جس سے ہمیں کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ادھر پیپلز پارٹی کی کال پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام سٹی بائی پاس پر دھرنادیا گیا ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ اگر ملک میں مہنگائی ہو تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے اب حکومت میں کرپشن ہوئی ہے میں الزام نہیں لگارہا مگر مجبورا کہنا پڑتا ہے یہ حکومت تو گیس ہی نہیں اربوں روپے لوٹ کر کھاگئی ہے ملک میں پیٹرول مہنگا ہے گیس کا بحران ہے لاکھوں لوگوں کو روزگار سے نکال کر ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں ہمارا نوجوان اس انتظار میں تھے کہ انہیں روزگار ملے گا مگر آج ہر طرف بھوک ہے تنخواہ بہت کم ہے گوشت مرغی پیٹرول بجلی گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے اس مہنگائی میں مزدور اور عوام کہاں جائیں ڈالر ایک سو دس روپے سے ایک سو اسی روپے کا ہوگیا ہے عمران خان نے کہا تھا سب کچھ تبدیل کردوں گا اس کی تبدیلی مہنگائی کے سونامی کی صورت میں عوام پر مسلط ہے اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا اور یہ مسئلہ تب حل ہوگا جب لوگ سڑکوں پر آکر کہیں گے کہ ہمیں نیا نہیں پرانا پاکستان چاہیئے ، واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے کارکنوں کے دھرنے کے باعث بائی پاس پر سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی اور روڈ پر دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔