
اسلام آباد، کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تحت اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں یونیورسٹیوں کے مابین شروع کئے جانے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا فائنل رائونڈ، کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کی پہلی مہم کی اختتامی تقریب میں وفاقی وزرا کی شرکت۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعت و نشریات فرخ حبیب، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور وفاقی وزیر برائے اطلاعت و نشریات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیر مملکت برائے مواصلات فرخ حبیب نے کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے کامیاب انعقاد پر سب کو مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ حکومت ہاکی کے فروغ کے لیے قومی سطح پر پالیسی بنا رہی ہے جسے جلد عمل میں لایا جائے گا۔پاکستان کے نوجوانوں میں سپورٹس کا جذبہ دیدنی ہے۔ امید ہے یہی نوجوان کل کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کے دوران ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو بھرپور طرح سے سراہا جس کی بدولت کھیلوں کی سرگرمیوں کو پھر سے عروج حاصل ہونے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیابی سے شروع کرنے میں معاونِ خصوصی عثمان ڈار کی انتھک محنت اور کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو عالمی سطح پہ اپنی پہچان بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کھیلوں کے مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی اور خطاب کے دوران کہا کہ نوجوانوں میں منفی رجحانات اور شدت پسند رویوں کی روک تھام کے لئے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی ترویج بہت ضروری ہے۔کامیب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تحت 6 ہزار ایتھلیٹس کی اسپورٹس کمپلیکس میں موجودگی خوش آئند ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے وزرا کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اسپورٹس ڈرائیو پروگرام نوجوانوں کی کھیلوں میں بھرپور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔