
اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان عوامی لیگ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں چیئرمین چوہدری ناصر محمود نے پاکستان میں صدارتی نظام کی جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ اس ناگزیر مقصد اور سوچ سے ہم آہنگ شخصیات کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے تنظیم نو کی جا رہی ہے تاکہ ملک گیر سطح پر صدارتی نظام کے لیے جاندار تحریک چلائی جا سکے۔ چوہدری ناصر محمود نے کہا پاکستان عوامی لیگ الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ اور انتخابی نشان ہاکی کی حامل سیاسی جماعت ہے۔ آج ہم پارلیمانی نظام کے خلاف تاریخی جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں، صدارتی نظام ہی وقت کی اہم ضرورت ہے ، ہم عملی جدوجہد سے مسائل میں الجھے عوام کی مدد کریں گے۔ چوہدری ناصر محمود کا کہنا تھا قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک میں صرف اشرافیہ اور مافیا نے ترقی کی۔ پریس کانفرنس سے وائس چیئرمین سید مظہر علی شاہ، جوائنٹ سیکرٹری اسد الحق قریشی، سینئر رہنما و مرکزی چیف آرگنائزر لالہ قیوم، صدر عبدالحمید ملک ایڈووکیٹ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محمد لطیف عباسی، ممبرسی ای سی راجہ آفتاب و دیگر رہنماؤں نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا عام آدمی برسوں سے مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، پارلیمانی نظام میں عام آدمی انصاف کے لئے نسل در نسل ترستا رہتا ہے، اس نظام کی تجارتی پالیسیاں سرمایہ داراروں کے مفاد کیلئے بنائی گئی ہیں۔