
اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے اسلام آباد میں وفاقی تعلیمی اداروں کے ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الفور ہڑتال ختم کرکے سکول کھولیں تاکہ بچوں کی تعلیم کا ہرج نہ ہو، ہم ہر سطح پر اساتذہ کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہیں
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے میئر کو اوور سائٹ کے اختیارات دیے گئے ہیں اور ہڑتالی ملازمین کی طرف سے زیر گردش نکات کا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں یہ محض غلط فہمی پھیلانے کے لئے نکات دہے گئے ہیں ان اداروں کے ملازمین بدستور وفاقی وزارت تعلیم کے ملازم رہیں گے اور ان کی تنخواہیں اور دیگر مراعات وہی رہیں گی جو وہ پہلے لے رہے ہیں، علی نواز اعوان نے کہا کہ اساتذہ ہمارے معاشرے کا باعزت جزو ہیں جو ہمارے مستقبل کی تعمیر کرتے ہیں میں آج جو کچھ بھی ہوں وہ اپنے ماں باپ اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں، انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد کے دو لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں ہمیں ان کو سکولوں میں لانا ہے ، معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے بھی متفقہ طور پر ہڑتال کرنے والے ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال ختم کرکے سکول کھولیں اور کمیٹی کے سامنے اپنے تحفظات پیش کریں۔