
اسلام آباد ، پیر ہاوس بری امام سرکار سے جاری کردہ اپنے بیان میں جانشین دربار عالیہ رتے ہوتر شریف و سجادہ نشین بری امام سرکار جناب پیر سید حیدر علی گیلانی صاحب نے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر حملہ ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ اس واقعہ نے دین کی اساس کو گہرا دھچکا لگایا ہے۔ حضور علیہ السلام کی تعلیمات کی نفی کے ساتھ ساتھ یہ واقعہ قرآن میں اللہ کے احکامات یعنی لا اکراہ فی الدین اور وما ارسلناک الا رحمت اللعالمین کی بھی نفی کرتا ہے۔
آپ نے مزید کہا کہ لبیک یا رسول اللہ کے نعرہ کی آڑ میں اس عمل نے قرآن کریم کے درمیانی لفظ "ولیتلطف”۔۔۔ اور نرمی سے بات کرنا۔۔۔ کی بھی نفی کی ہے۔ یہ دین رب العالمین کا ہے جس نے شیطان کو گستاخی کے باوجود زندہ چھوڑ دیا۔ پیر صاحب کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں ملوث لوگوں کو صرف مورد الزام ٹھہرانے سے بات نہیں بنے گی بلکہ اس طرح کی زہن سازی کرنے والوں کا تدارک کرنا پڑے گا۔ مشائخ، علما، خطبا و واعظین کو دین کی اصل اساس کو روشناس کرانا ہو گا اور یہ صرف اس صورت میں ممکن ہے جب کتاب اللہ کو ترجمہ کے ساتھ لوگوں کو سمجھایا جائے اور اسی کتاب اللہ کو مشعل راہ سمجھا جائے۔ ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایک سال قبل وزیر اعظم صاحب کو تجویز دی تھی جس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا گیا۔