لاہور/اسلام آباد،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 133کے ضمنی الیکشن کا میدان پاکستان مسلم لیگ (ن)کی شائستہ پرویز ملک نے مار لیا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے اسلم گل دوسرے نمبر پر رہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے بڑے معرکے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اسلم گل اور ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک کے درمیان کڑا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی شائستہ پرویز ملک نے ساڑھے 14ہزار ووٹوں سے کامیابی اپنے نام کی،انہوں نے 46ہزار 811ووٹ حاصل کئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اسلم گل 32ہزار 313ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔قبل ازیں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا،ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11امیدوار میدان میں رہے، پی ٹی آئی امیدوارجمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مستردہوگئے تھے، نشست ن لیگ کے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی۔حلقے میں 254 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے جن میں سے 34 حساس اور 21 کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔ ووٹرز کی تعدا د4 لاکھ 40 ہزار 485 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 33ہزار 558 جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد 2 لاکھ 6ہزار927 ہے۔ این اے 133 میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ۔این اے ایک سو تینتیس میں ضمنی انتخاب میں ٹرن آئو ٹ کم رہا، جیالے اور متوالے پریشان دکھائی دیئے جبکہ شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے رہنمائوں سے رابطے اورصورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی ،آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی رپورٹس لیتے رہے۔این اے 133 ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں، پیپلز پارٹی کا ووٹر موبائل لیکر پولنگ بوتھ میں داخل ہوا، بیلٹ پیپر پر پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر ٹھپہ لگایا اور دیدہ دلیری سے اپنی سیلفی بھی بنالی۔مریم کالونی بلاک ون میں جیالے اور متوالے آمنے سامنے آگئے،کارکنوں نے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزام عائد کئے جبکہ جھگڑے میں دونوں پارٹیوں کے کچھ کارکن زخمی ہوگئے۔یوسی 232 گورنمنٹ لال ہائی سکول 15 بی ون ٹان شپ پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل کی آمد پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے ، کارکنوں کے درمیان شدید نعرے بازی ہوئی جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے گئے،حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے مداخلت کرتیہوئے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں کو نعرے بازی سے روک دیا اور پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مزید اہلکار تعینات کر دیئے گئے تھے۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے دوران ن لیگی امیدوار شائستہ پرویز ملک نے پولنگ سٹاف کے خلاف ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دی۔شائستہ پرویز ملک کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گورنمٹ گرلز ہوئی سکول بہاری کالونی کے پولنگ سٹیشنز 232، 233، 234 پر پریزائیڈنگ افسران ووٹروں کو پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے مجبور کر رہے ہیں۔درخواست گزار نے کہا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس نے موقع پر موجود ایس ایچ او کو بھی شکایت کر دی ہے اور زمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے۔دوسری طرف این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز ،صدر شہباز شریف ودیگر نے مبارکباد پیش کی ہے۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ شیروں کو مبارک ہو۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے این اے 133میں کامیابی پر کہا کہ ہم آج کی جیت کے لیے اللہ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر جھکاتے ہیں، میں اس کامیابی کو اپنے دوست اور بھائی مرحوم پرویز ملک کے نام کرتا ہوں، مرحوم پرویز ملک شریف آدمی، عوامی خدمت کے لیے وقف اور نواز شریف کے عظیم ساتھی تھے،این اے 133میں ان کے غیر متزلزل اعتماد کے لیے شکر گزار ہوں۔انہوں نے عوام اور پارٹی رہنمائو ں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام کی جانب سے ہمیشہ کی طرح مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کے اظہار پر شکر گزار ہیں۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)ہمیشہ کی طرح عوام کے اعتماد اور آرزوں پر پورا اترے گی ،کامیابی پر شائستہ پرویز ملک کو مبارک پیش کرتا ہوں۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ ضمنی انتخاب میں بھرپور محنت اور دن رات خدمت کرنے والے رہنمائو ں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔این اے 133 میں کامیابی پراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی کامیابی پر کارکنان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جیتنے والی امیدوار شائستہ پرویز کو بھی مباررکباد پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ ن نے ہر ضمنی الیکشن میں ثابت کیا ہے کہ وہ مقبول ترین جماعت ہے ۔ حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے گھمبیر مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہے ہیں،عوام اب باتوں، دعوں اور نعروں کے فریب میں آنے والے نہیں ،اب صرف وہ کارکردگی مانگ رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور این اے 133ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والی شائستہ پرویز ملک کے صاحبزادے علی پرویز ملک نے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالی کے شکرگزارہیں، پنجاب میں پیپلزپارٹی کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے،بلاول بھٹو کراچی کا کچرا نہیں اٹھاسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آئو ٹ کم ہی رہتا ہے جبکہ ویڈیو سکینڈل پر آر او نے کمیٹی بنادی ہے۔علاوہ ازیں ضمنی انتخاب پر وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ لاہور کے انتخابات میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی خالی میدان میں بھی کھیل نہیں جیت سکتے۔ان کا کہنا تھاکہ تمام ترپروپیگنڈے کے باوجود تحریک انصاف ہی میدان کی اصل کھلاڑی ہے اور پی ٹی آئی کے بغیرمیدان ویران ہے۔