
اسلام آباد،وزیراعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ سیالکوٹ سانحہ کے مجرمین کیفر کردار کو پہنچیں گے،وزیر اعظم خود تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں، اب تک 112 سے زائد افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔طاہر اشرفی نے کہا کہ سری لنکا کے جمعیت علما اسلام کے سربراہ سمیت مسلم قائدین سے رابطہ میں ہیں، اگر توہین مذہب یا توہین رسالت کی شکایت ہو تو پولیس سے رجوع کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ معاملہ میں توہین رسالت اور توہین مذہب کا نام استعمال کیا گیا، توہین رسالت یا توہین مذہب کا الزام بہت ہی حساس ہوتا ہے جس پر مکمل تحقیق کی جاتی ہے ، متحدہ علما بورڈ پنجاب اس طرح کے کیسوں کو مسلسل دیکھتا ہے، اس پر تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کی مشاورت سے فیصلہ کیا جاتا ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اگر کسی پر جھوٹا توہین رسالت یا توہین مذہب کا الزام لگایا جاتا ہے تو الزام لگانے والا توہین رسالت یا توہین مذہب کا مجرم ہوتا ہے ، سری لنکا کی عوام کے سامنے شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں۔