اہم خبریںپاکستان

چینی، آٹا، پٹرول کی سمگلنگ روکی جائے، وزیراعظم کا حکم

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روم تھام کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا شیخ رشید ، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبد الرزاق دائود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، چیئر مین ایف بی آر اور سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آے نے ڈالر کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ہولڈنگ کے خلاف وسیع تحقیقات کی ہیں، بارڈر کراسنگز پر افرادی قوت بڑھائی جا رہی ہے، پٹرول کی سمگلنگ کو روکنے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن میں کامیابی حاصل ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے،سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں فرق سمگلنگ کی وجہ بنتی ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم کی زیرِ صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی، حماد اظہر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی خالد منصور اور سینیئر حکام نے شرکت کی۔معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے اجلاس کو سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی مفاد کے لیے طویل المددت منصوبوں کے لیے پالیسیوں کا تسلسل لازمی عنصر ہے، چین اور پاکستان کے مابین وقت کی آزمائی ہوئی دوستی ہے، حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عزم رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker