
اسلام آباد،ترجمان نیب نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے ۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان نیب نوازش علی نے کہا کہ چیئرمین نیب کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے خبریں من گھڑت ، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں ، جنہیں مسترد کرتے ہیں ، ایسی خبریں چیئرمین نیب کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، انڈر ٹرائل افراد کو یہ مشورہ ہے کہ وہ نیب پر تنقید کرنے کے بجائے ثبوت پیش کرکے اپنا دفاع کریں کیونکہ ان الزامات سے نیب کے سرکاری کام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، نیب ہمیشہ قانون کے مطابق کام کرنے پر یقین رکھتا ہے۔