لاہور،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہفتے میں تین دن اسکول بند رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب میں تین دن ایک ساتھ اسکول بند رہنے سے دھند کم ہوجائے گی اور اس کے فوائد حاصل ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسکولوں میں امتحانات اپنے وقت پر مکمل نصاب کے ساتھ ہوں گے، رواں سال طالب علموں کو ایسے ہی اگلی کلاسوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کرونا پر قابو پانے حوالے سے پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی ہے، جیسے ماضی میں کرونا کا مقابلہ کیا، انشااللہ نئے ویرینٹ کا بھی کریں گے اور قوم کے تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یکساں تعلیمِ نصاب کے نفاذ میں کچھ اسکولوں میں مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم اس مشن کو پایا تکمیل تک پہنچائیں گے۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت دیگر علاقوں میں اسموگ کی وجہ سے دفاتر اور تعلیمی اداروں کو ہفتے میں تین دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دھند پر قابو پانے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔یہ کمیٹی دھوئیں کے اخراج کو روکنے کے اقدامات جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت جرمانے بھی عائد کررہی ہے۔