کراچی،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے سندھ حکومت کے خلاف اعلان جہاد کرتے ہوئے شہریوں سے ساتھ دینے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی)کی جانب سے حسن اسکوائر پر سندھ حکومت اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے پیپلزپارٹی کو جمہوری دہشت گرد قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آج سندھ حکومت کیخلاف جہاد کا اعلان کرتا ہوں، ہم ابھی فٹ پاتھ پر ہیں، جلد سڑکوں پر آجائیں گے، کرپٹ اور بدکردار حکمرانوں کی وجہ سے نوجوان دہشت گردی کے راستے پر جاتے ہیں مگر ہم ان کا راستہ روک رہے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی سے پاکستان چل رہاہے، کوئی زیادتی برداشت نہیں کریں گے، بلدیاتی حکومتوں کا قانون جس طرح منظورکیا گیا وہ جمہوریت کے لیے ایک دھبہ ہے، ریونیو دینے والیاداروں کو بلدیہ نے بنایا مگر سندھ حکومت نے ایک روز قبل اسمبلی میں قانون منظور کر کے ان سب اداروں کو اپنے قبضے میں لے کر کراچی کے شہریوں پر شب خون مارا۔پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ ہم حکومت کے نہیں بلکہ ریاست کے وفادار ہیں، اس لیے کسی ملک دشمن ایجنسی یا بھارت کو مدد کے لیے نہیں پکاریں گے، کراچی کیلئے جو کرناپڑیگا اب کر کے دکھائیں گے، پیر پکڑنے پڑے تو پکڑیں گے اور اگرگلا پکڑنا پڑا تو اس سے بھی گریز نہیں کریں گے۔مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی متعصبانہ اقدامات کر کے کل کے دہشت گرد آج بنا رہی ہے، ریاست کو چاہیے کہ وہ اس عمل کو فوری طور پر روکے، شہرمیں جس طرح کرپشن ہورہی ہے وہ بدکرداری کی انتہا ہے، سڑکیں بنائے بغیر فائلوں پر دستخط ہورہے ہیں، یہ رقم کرپشن کی نظرہورہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی منسٹر یا ان کا بیٹا آج تک لاپتہ نہیں ہوا بلکہ نوجوان لاپتہ ہورہے ہیں، پینے کا پانی، تعلیم، سڑکیں،عوام کو کچھ میسر نہیں، طاقت کے نشے میں چور پیپلزپارٹی اب شہری اداروں پر قبضہ کر کے عوام کو مزید رسوا کرنا چاہتی ہے۔