اہم خبریںپاکستان

مریم نواز کس حیثیت سے فیصلےکرتی رہیں،ہمیں فاشسٹ کہنے والے خودکو دیکھیں،وزیراعظم

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنمائو ں کے اجلاس میں کہا کہ ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بھی بڑھ کر ہیں، انہوں نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، سب کچا چٹھا سامنے آگیا ہے جبکہ وزیراعظم نے آڈیو ٹیپ کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کس حیثیت سے فیصلے کرتی رہی ہیں۔

جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنمائو ں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال اوراپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف بیانیے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پربھی گفتگو ہوئی، وزارت اطلاعات نے کارروائی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بڑھ کر ہیں، مریم نوازکس حیثیت میں فیصلے کرتی رہی ہیں، ان لوگوں کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیاہے۔پارٹی رہنمائو ں کے اجلاس میں ملک میں کھاد کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے، سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ملک میں کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ حکومت کھاد کے ذخیرہ اندوزون کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔وزیراعظم نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبہ سندھ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،کراچی میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر شریک ہوئے ۔444 ارب روپے کا سندھ ترقیاتی پلان 48 پی ایس ڈی پی منصوبوں، 50 Non- PSDP اور 7 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر مشتمل ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے مالی سال 22-2021 کے لیے اس پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، 8وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16 اعشاریہ 304ارب روپے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے،سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاوسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، اعلی تعلیم، وکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔وزیر اعظم نے متعلقہ محکموں کو حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداران نے ملاقات کی ۔ ملاقاتوں میں ارکان قومی اسمبلی ظل ہما، عظمی ریاض، غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نوشین حامد، پنجاب کے وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، وزیر لیبر عنصر مجید خان، ارکان صوبائی اسمبلی احسن سلیم بریال، جلیل احمد شرقپوری، حامد یار ہراج، چوہدری اعجاز سلطان بندیشہ، فاروق امان اللہ دریشک، سندھ کے ارکان صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان، جمال احمد صدیقی، ارکان خیبر پختونخوا اسمبلی دیدار خان، محمد عبدالسلام اور بلاول آفریدی اور پارٹی ارکان عظیم لکھاوی، ڈاکٹر نادیہ، جمشید اقبال چیمہ، محمد سلیم بریار اور قیصر بریار، سینٹر سیف اللہ نیازی، ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور ملک عامر ڈوگر شامل تھے۔ملاقاتوں میں سیاسی امور اور متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگوکی گئی ۔وزیر اعظم نے عوامی فلاح و بہبود بلخصوص غربا کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker