
مظفرآباد ،وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آزاد کشمیر کیلئے مجوزہ پانچ سو ارب مالیت کے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کے حوالے سے کابینہ سب کمیٹی نے اپنی رپورٹ چیئرمین پیکیج سردار تنویر الیاس کو پیش کردی
رپورٹ میں آزاد کشمیر میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایسے منصوبہ جات شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے جن کے تحت آزاد کشمیر میں ہنر مند افراد کو روزگار سمیت فنی تربیت کی فراہمی کی سہولت ملے گی۔ تمام شعبہ جات میں ہنر مند افراد پیدا کرنے کے لئے ادارے بنائے جائیں گے جہاں بین الاقوامی معیار کی حامل تربیت کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں بیروزگار ی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے تجویز کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے اعلی تعلیمی اداروں میں ڈگری یافتہ بے روزگار نوجوان پیدا کئے جارہے ہیں جن کے لئے مارکیٹ میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس وقت قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اعلی تربیت یافتہ اور ہنر مند افراد کی مانگ ہے۔ اس بین الاقوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت، سیاحت اور جدید مشینری چلانے کی صلاحیت رکھنے والے ہنر مند افراد پیدا کرنے کے لئے بین الاقوامی معیار کے حامل ادارے قائم کئے جائیں۔ چیئرمین کمیٹی سردار تنویر الیاس نے کابینہ سب کمیٹی کی سفارشات کو جامع اور تفصیلی قرار دیتے ہوئے انہیں وزیراعظم پاکستان سے منظور کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج جو پانچ سو ارب روپے سے زائد مالیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آزاد کشمیر کیلئے خصوصی طور پر اعلان کیا جانا ہے۔ اس سلسلہ میں بنیادی نکات طے کئے جارہے ہیں۔وزیراعظم پاکستان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر میں اعلی تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیداہوں اور آزاد کشمیر کو پاکستان کے اندر ایک مثالی خطہ بنایا جائے۔ ترقی کے یکساں مواقع پیدا کرنے کے لئے میگا پیکیج دیا جارہا ہے۔ سردار تنویر الیاس نے اس موقع پر اس توقع کا اظہار کیا کہ مجوزہ پیکیج کا اعلان بہت جلد ہوجائے گا۔ جس پر عملدرآمد کیلئے تحریک انصاف کی حکومت مشینری جذبے کے تحت کام کرے گی۔آزاد کشمیر کی عوام کو حکومت آزاد کشمیر کے علاوہ وزیراعظم پاکستان عمران خان پر مکمل اعتماد ہے۔