
اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے اسلام آباد کے شہریوں بالخصوص تاجر برادری کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام مراکز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں 72 اعشاریہ 15 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس میں فٹ پاتھ، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس، سیورج، روڈ کارپیٹنگ، لین مارکنگ، کرب سٹونز سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکٹر ایف سکس مرکز، ایف ایٹ مرکز، آئی ایٹ مرکز، آئی نائن مرکز اور آئی ٹین مرکز کی اپ گریڈیشن کے لئے 4 اعشاریہ 90 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ سیکٹر ایف سیون مرکز، جی سکس مرکز اور جی ایٹ مرکز کیلئے 4 اعشاریہ 95 ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے ،اسی طرح سیکٹر ایف ٹین مرکز کے لئے 4 اعشاریہ 75 جبکہ ایف الیون مرکز، جی سیون مرکز اور جی الیون مرکز کیلئے 4 اعشاریہ 85 ملین روپے کا بجٹ سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے منظور کیا گیا ہے ،علاوہ ازیں سیکٹر جی نائن مرکز اور جی ٹین مرکز کی اپ گریڈیشن کیلئے 4 اعشاریہ 80 ملین روپے رکھے گئے ہیں اور آئی الیون مرکز کیلئے 3 اعشاریہ 90 کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ،سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کی گئیں ہیں کہ اسلام آباد کے تمام مراکز کی اپ گریڈیشن کا کام دو ماہ میں مکمل کریں تاکہ شہریوں بالخصوص تاجر برادری کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔